پنجاب گرین ٹریکٹرز پروگرام کے تیسرے مرحلے کی قرعہ اندازی کے سلسلے میں کاشت کاروں کیلئے ٹریکٹرز کی قرعہ اندازی جلد ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق محکمہ زراعت حکومت پنجاب کی جانب سے نئے سال 2026کی آمد پر کاشت کاروں کیلئے خاص تحفہ متعارف کرا یا جا رہا ہے۔پنجاب گرین ٹریکٹرز پروگرام کے مطابق 10ہزار گرین ٹریکٹرز جو 50سے 65 ہارس پاور کے ہوں گے، فراہم کیے جائیں گے۔ کاشت کاروں سے 6جنوری 2026 بروز منگل سے درخواستیں وصول کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا۔درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 جنوری 2026ہے، مزید معلومات کیلئے کاشتکار محکمہ زراعت پنجاب کے ایگریکلچرل ہیلپ لائن 0800 17000پر رابطہ کریں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ہونے والی دوسرے مرحلے کی قرعہ اندازی میں گرین ٹریکٹرز اسکیم فیز ٹو کیلئے 7لاکھ 34ہزار کاشتکاروں نے درخواست دی تھی۔دو لاکھ 82 ہزار کاشتکار قرعہ اندازی کے اہل قرار پائے ان میں سے 9500 قرعہ اندازی میں کامیاب قرار پائے تھے۔پروگرام میں 98 فیصد کاشتکاروں نے پاکستانی ساختہ ٹریکٹر اور دو فیصد کاشتکاروں نے بڑے اورجدید امپورٹڈ ٹریکٹرز کیلئے اپلائی کیا، امپورٹڈ ٹریکٹر کی ڈیمانڈ آنے پر غیر ملکی ڈیلر کمپنیوں کے پنجاب میں ڈیلر اور بزنس آفس قائم ہوگئے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی