پشاور میں پی ٹی آئی کے کیمپ کو آگ لگانے کا مقدمہ تھانہ شرقی میں درج کر لیا گیا۔تفصیل کے مطابق پشاور میں اسمبلی چوک پر پیپلز پارٹی کے احتجاجی مظاہرے کے دوران مشتعل مظاہرین نے پی ٹی آئی کے احتجاجی کیمپ کو آگ لگا دی تھی، اس واقعے کا مقدمہ پی ٹی آئی کارکن عارف کی مدعیت میں تھانہ شرقی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ایف آئی آر میں توڑ پھوڑ، جلا ئوگھیرا ئواور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں، جب کہ مقدمہ میں پیپلز پارٹی کے جنرل سیکریٹری ہمایوں خان، ملک عظمت، اور ضیااللہ آفریدی کو نامزد کیا گیا ہے۔ایف آئی آر میں شاہ ذوالقرنین، احسان اللہ اور دیگر نامعلوم کارکنان بھی نامزد ہیں۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق کیمپ کو آگ لگانے کا یہ عمل پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر محمد علی باچا اور جنرل سیکرٹری کی ایما پر کیا گیا۔ایف آئی آر کے متن میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملک عظمت، ضیا اللہ آفریدی، ہمایوں خان، ذوالقرنین، احسان اور دیگر افراد کیمپ کو آگ لگاتے ویڈیو میں واضح طور پر نظر آ رہے ہیں، شرپسند عناصر پی ٹی آئی کے جھنڈوں کو بھی نذرِ آتش کرتے دیکھے گئے ہیں۔درخواست گزار کے مطابق کیمپ میں موجود قیمتی سامان مکمل طور پر جل گیا اور اس واقعے سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ ویڈیوز کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی