لاہور کے علاقے رائیونڈ میں 30 روپے کے معمولی تنازعے پر دو سگے بھائیوں کے بہیمانہ قتل میں ملوث 2 مرکزی ملزم اپنے انجام کو پہنچ گئے۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق پولیس زیر حراست ملزمان کو نشاندہی کے لئے رائیونڈ لے جا رہی تھی، جہاں ملزمان کے ساتھیوں نے اچانک پولیس ٹیم پر حملہ کر دیا اور ملزمان کو چھڑانے کی کوشش کی۔ترجما ن کے مطابق حملے کے دوران فائرنگ سے زیر حراست دو مرکزی ملزمان اویس اور شہزاد موقع پر ہلاک ہوگئے۔فائرنگ ملزم توقیر اور اس کے دیگر ساتھیوں کی جانب سے کی گئی، جو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔سی سی ڈی چوہنگ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ہلاک ملزمان نے چند روز قبل معمولی تنازعے پر دو سگے بھائیوں کو بدترین تشدد کے بعد قتل کر دیا تھا۔ تنازع صرف 30 روپے کا تھا، جو بعد میں جان لیوا ثابت ہوا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی