i پاکستان

صدر مملکت آصف زرداری اور وزیر اعظم شہبازشریف کا سڈنی واقعے میں جانی نقصان پر گہرے رنج و افسوس کا اظہارتازترین

December 15, 2025

صدر مملکت آصف زرداری اور وزیر اعظم شہبازشریف نے سڈنی واقعے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہر قسم کے دہشت گردانہ واقعے کی مذمت کرتا ہے،دہشتگردی سے معاشروں کو پہنچنے والے صدمے کو سمجھتے ہیں۔ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت کاکہنا تھاکہ پاکستان خود دہشت گردی سے شدید متاثر رہا ہے، ایسے حملوں سے معاشروں کو پہنچنے والے درد اور صدمے کو بخوبی سمجھتے ہیں۔صدر مملکت نے آسٹریلیا کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کی تمام صورتوں کے خلاف پاکستان کے اصولی موقف کو دہرایا۔دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف نے واقعے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر قسم کے دہشت گردانہ واقعے کی مذمت کرتا ہے، مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان متاثرہ خاندانوں، آسٹریلوی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی دہشتگردانہ واقعے کی مذمت کرتے ہوئے آسٹریلوی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔وزیرداخلہ نے پیغام میں کہا کہ دہشت گردی انسانیت کے خلاف ناقابل معافی جرم ہے اور اس خطرے کا پاکستان کو سامنا ہے، ہم آسٹریلوی عوام کے درد کو سمجھتے ہیں۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے بھی سڈنی میں فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ایکس پرپیغام میں انہوں نے کہادہشتگردی کسی بھی شکل میں کہیں بھی رو نما ہو قابل مذمت ہے،سڈنی میں نوجوان احمد کی بہادری اور شجاعت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہاپاکستان بھی کئی عشروں سے دہشتگردی سے نبرد آزما ہے،ہرپاکستانی سڈنی کے عوام کے لئے دلی ہمدردی رکھتا ہے،سڈنی میں ہونیوالی ہلاکتوں پردلی دکھ اورافسوس ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی