سی ٹی ڈی نے منگھوپیر میں ایک مکان پر چھاپے میں 3 دہشت گرد مار دیے۔تفصیلات کے مطابق منگھوپیر میں سی ٹی ڈی کے ایک مکان پر چھاپے کے دوران پولیس اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جن کی لاشیں سول اسپتال کی منتقل کی گئیں۔ڈی ایس پی سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب نے سول اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ چھاپا کالعدم تنظیم کے کارندوں کی موجودگی کی اطلاع پر مارا گیا تھا، ایک ہلاک دہشت گرد کی شناخت زعفران کے نام سے ہوئی جس پر حکومت نے 2 کروڑ روپے انعام رکھا ہوا تھا، جب کہ دوسرے دہشتگرد کی شناخت قدرت اللہ کے نام سے ہوئی، ہلاک تیسرے دہشت گرد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔انچارج سی ٹی ڈی نے بتایا ہلاک دہشت گرد میں ایک خود کش حملہ آور بھی شامل ہے، ایک ہلاک دہشت گرد نے گزشتہ سال چینیوں پر حملہ کیا تھا، دہشت گردوں سے ڈائری ملی ہے جس میں ٹارگٹ لکھے ہوئے تھے، اور مکان سے 3 گرینیڈ، کلاشنکوف، خود کش جیکٹس اور دیگر اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔راجہ عمر خطاب نے کہا کہ گھر میں موجود تمام دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں، وہ جس گھر میں چھپے ہوئے تھے اس کے مالک کے بارے میں تفصیلات لے رہے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی