i کھیل

عثمان خواجہ کا آسٹریلیا میں والد کے نام پر مسجد تعمیر کرنے کا اعلانتازترین

January 07, 2026

آسٹریلیا کے اوپننگ بیٹر عثمان خواجہ نے اعلان کیا ہے کہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد وہ اپنے والد کے نام پر آسٹریلیا میں ایک مسجد تعمیر کریں گے۔ ایک انٹرو یو میں عثمان خواجہ نے کہا کہ اب وہ وقت آ گیا ہے جب اپنے وعدے کو پورا کریں گے۔ عثمان خواجہ نے یاد دلایا کہ بچپن میں ان کے والد ایک کافی شاپ میں کام کرتے تھے اور عصر کے بعد انہیں پریکٹس کیلئے لے جاتے تھے، والد کا ان پر گہرا یقین تھا اور وہ کہتے تھے کہ ہم پاکستانی ہیں، لیکن ایک دن تم آسٹریلیا کی جانب سے ضرور کھیلو گے۔

عثمان خواجہ نے بتایا کہ اللہ کی مدد اور والدین کی دعاوں کی بدولت وہ آسٹریلوی ٹیم میں شامل ہونے میں کامیاب ہوئے، جو کہ ایک بہت مشکل کارنامہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی والدہ رات کو نماز کے لیے اٹھتی تھیں اور پہلی دعا ان کی کامیابی کیلئے کرتی تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسجد کیلئے جگہ خرید لی گئی ہے اور کاغذی کارروائی مکمل ہونے کے بعد اس مہینے کے آخر میں تعمیراتی کام شروع کر دیا جائے گا۔ عثمان خواجہ اس وقت اپنے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ سڈنی میں انگلینڈ کے خلاف کھیل رہے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی