پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کے ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان کردیا گیا ہے، جس کے مطابق شائقین 3 اکتوبر سے آن لائن جبکہ 5 اکتوبر سے فزیکل ٹکٹ خرید سکیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز 9 سے 13 اکتوبر تک راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ سیریز کے آن لائن ٹکٹ 3 اکتوبر سے دستیاب ہوں گے جبکہ فزیکل ٹکٹ 5 اکتوبر سے ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز پر فروخت کیے جائیں گے۔پہلے 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کے جنرل انکلوژر کے ٹکٹ کی قیمت 300 روپے سے شروع ہوگی جبکہ وی آئی پی ٹکٹ کم از کم ایک ہزار روپے میں دستیاب ہوگا۔تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے لیے شائقین کو نسبتا کم قیمت پر ٹکٹ دستیاب ہوگا، جس کا جنرل ٹکٹ 200 روپے جبکہ وی آئی پی ٹکٹ 800 روپے سے شروع ہوگا۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان تین ملکی ون ڈے سیریز بھی کھیلی جائے گی۔ سہ ملکی سیریز کے آن لائن ٹکٹ 10 اکتوبر جبکہ فزیکل ٹکٹ 14 اکتوبر سے دستیاب ہوں گے۔تین ملکی ون ڈے سیریز 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی، جس میں پاکستان کے علاوہ انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں بھی حصہ لیں گی۔سہ ملکی سیریز کے اختتام کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز ہوگی۔ شیڈول کے مطابق پہلا ٹیسٹ 9 سے 13 نومبر تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ 17 سے 21 نومبر تک لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔یوں پاکستان میں اکتوبر اور نومبر کے دوران سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ سیریز کے ساتھ انگلینڈ اور سری لنکا کی شرکت پر مشتمل تین ملکی ون ڈے سیریز بھی شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز ہوگی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی