وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے )کے گوجرانوالہ زون نے کارروائی کرتے ہوئے لیبیا کشتی حادثہ میں ملوث انسانی سمگلر کو گرفتار کر لیا۔ایف آئی اے کے مطابق ملزم وقاص علی عرف وقاص بٹ کو گجرات سے حراست میں لیا گیا، جو شہریوں کو غیر قانونی سمندری راستوں کے ذریعے لیبیا سے کشتی کے ذریعے یونان بھجوانے میں ملوث تھا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم چار مختلف مقدمات میں مطلوب تھا اور کافی عرصے سے مفرور تھا۔حکام کا کہنا ہے کہ سال 2023 میں ملزم نے چار شہریوں سے فی کس 30 لاکھ روپے کے حساب سے مجموعی طور پر ایک کروڑ 20 لاکھ روپے وصول کیے، ان متاثرین میں سے ایک شہری کشتی ڈوبنے کے حادثے میں جان کی بازی ہار گیا تھا۔ایف آئی اے کے مطابق ملزم بھاری رقوم وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گیا تھا، تاہم اب اسے گرفتار کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی