i پاکستان

پرامن اور متحد معاشرے کا قیام حکومت کی ترجیح ہے، شہبازشریفBreaking

May 16, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پرامن اور متحد معاشرے کا قیام حکومت کی ترجیح ہے،آئینِ پاکستان ہر شہری کو نسلی، فرقہ وارانہ اور علاقائی تعصبات کے خلاف مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے۔وزیراعظم نے پرامن باہمی طرزِ زندگی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر یہ دن منا رہا ہے اور پرامن، متحد اور روادار معاشرے کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پرامن اور متحد معاشرے کی تعمیر پاکستان کی بصیرت افروز قومی وراثت اور آئینی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئینِ پاکستان ہر شہری کو نسلی، فرقہ وارانہ اور علاقائی تعصبات کے خلاف مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں زبانوں، ثقافتوں اور مختلف مسالک کا تنوع ہماری معاشرتی مضبوطی اور قومی یکجہتی کا مظہر ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت فکری اور عملی انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے پیغامِ پاکستان جیسے مثبت قومی بیانیے پر کاربند ہے۔وزیراعظم کے مطابق خواتین، بچوں اور محروم طبقات کے حقوق کے تحفظ کیلئے قومی ایکشن پلان برائے انسانی حقوق تشکیل دیا گیا ہے جبکہ ملک کے پہلے قومی ایکشن پلان برائے کاروبار و انسانی حقوق پر بھی عملدرآمد جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انسانی حقوق کے تحفظ اور مثر نگرانی کیلئے قومی کمیشن کے ساتھ ضلعی سطح پر بھی کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں تاکہ عوام کو انصاف اور مساوی حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی