ٹک ٹاکر و سوشل میڈیا انفلوئنسر سامعہ حجاب کے اغوا اور دھمکی کے کیس کا ڈراپ سین ہوگیا۔ سامعہ حجان اور ملزم حسن زاہد کے درمیان غیر مشروط صلح ہوگئی۔ دونوں فریقین نے ایک دوسرے کو فی سبیل اللہ معاف کردیا۔ ٹک ٹاکر نے اپنے سابقہ منگیتر کو غیر مشروط معافی دے دی، حسن زاہد نے بھی سامعہ کے تمام خدشات دور کردیئے، ان پر لگائے گئے تمام الزامات واپس لے لیے اور اپنی غلطی تسلیم کر کے معافی مانگ لی ہے۔ واضح رہے کہ یہ معاملہ اس وقت شروع ہوا تھا جب سامعہ حجاب نے حسن زاہد پر الزام عائد کیا تھا کہ حسن نے انہیں ان کے گھر کے باہر سے اغوا کرنے کی کوشش کی اور قتل کرنے کی دھمکیاں بھی دی ہیں ۔ کیس نیا موڑ اس وقت سامنے آیا جب سامعہ اور حسن کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔ ٹک ٹاکر کی حسن زاہد کے ساتھ گھومتے پھرتے اور تحائف وصول کرتے ویڈیوز سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے سامعہ حجاب کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ حسن سے پیسے بٹورتی تھی، جس پر سامعہ نے انکشاف کیا کہ ملزم حسن ان کا سابقہ منگیتر ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حسن زاہد نے اپنے دوست کے سامنے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔ عدالت نے ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کے اغوا اور دھمکی کے کیس میں نامزد ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا جبکہ تھانہ شالیمار میں مقدمہ درج ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی