وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے پاکستان کی پہلی ویمن باکسر عالیہ سومرو کے لیے دبئی ٹورنامنٹ کا اسپانسر شپ دینے کا اعلان کر دیا۔ترجمان وزیراعلی سندھ کے مطابق عالیہ سومرو بین الاقوامی باکسنگ ایونٹ میں بھارتی حریف کے خلاف میدان میں اتریں گی۔وزیراعلی سندھ کی جانب سے عالیہ سومرو کو 47 لاکھ روپے کا مالی تعاون بھی فراہم کیا گیا ہے۔ملاقات میں وزیراعلی مراد علی شاہ کا کہنا تھا سندھ حکومت خواتین کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی کے لیے پرعزم ہے۔ ارکان اسمبلی یوسف بلوچ، ایم پی اے شازیہ کریم اور اسد گبول نے چیک عالیہ سومرو کو دیا۔باکسر عالیہ سومرو کا کہنا تھا کہ وزیراعلی سندھ کا تعاون میرے خواب کو حقیقت میں بدلنے کا ذریعہ ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ سندھ کی باصلاحیت بیٹی دنیا کے مقابلے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے باکسر عالیہ سومرو کے لیے کامیابی کی دعا بھی کی۔قبل ازیں، پیپلزپارٹی کے اراکین اسمبلی شازیہ کریم سنگھار، یوسف بلوچ، ایڈیشنل سیکریٹری اسد اسحاق اور اسد نبیل گبول کی باکسر عالیہ سومرو سے لیاری میں ملاقات ہوئی۔
وزیراعلی سندھ اور وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر کی ہدایت پر اراکین اسمبلی اور ایڈیشنل سیکریٹری اسد اسحاق نے 47 لاکھ روپے کا چیک عالیہ سومرو کو پیش کیا۔ترجمان کے مطابق سندھ حکومت نے اگست میں ہونے والے دبئی میں بھارتی حریف سے مقابلے کے لیے عالیہ سومرو کو مالی معاونت فراہم کی۔شازیہ کریم سنگھار کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر سندھ میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ایڈیشنل سیکریٹری اسد اسحاق نے کہا کہ سندھ کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، جسے صحیح مواقع فراہم کرکے بین الاقوامی سطح پر لایا جا سکتا ہے، کھیلوں کی ترقی کے لیے نہ صرف مالی معاونت فراہم کر رہے ہیں بلکہ نئے کھیلوں کے میدان، اکیڈمیاں اور تربیت گاہیں بھی قائم کر رہی ہے۔رکن اسمبلی شازیہ کریم سنگھار نے کہا کہ سندھ حکومت مختلف کھیلوں کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرامز شروع کر رہی ہے، تاکہ گراس روٹ سطح سے نوجوان کھلاڑیوں کو تلاش کیا جا سکے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی