سینئر اداکارہ حنا خواجہ بیات نے سوشل میڈیا پر نامناسب تبصروں پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداکار کی اداکاری پر تنقید کریں ذاتی زندگی اور خاندان کو نشانہ نہ بنایا جائے۔ ایک ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے اداکارہ نے سوشل میڈیا کے استعمال پر کہا کہ لوگ وہاں دوسروں کی ذاتیات پر کیچڑ اچھالتے ہیں، جو کسی طور درست نہیں، اداکار بھی حساس ہوتے ہیں اور ایک لمحے کے لیے ہی سہی، انہیں تنقید ضرور محسوس ہوتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی کی اداکاری پسند نہیں آتی تو فنی تنقید کریں، لیکن ذاتی زندگی یا خاندان کو نشانہ نہ بنائیں۔حنا خواجہ بیات نے یہ بھی کہا کہ موبائل فون نے انسانوں کو ایک دوسرے سے دور کر دیا ہے، چار لوگ ایک جگہ بیٹھے ہوتے ہیں لیکن سب اپنے اپنے موبائل فون میں مصروف ہوتے ہیں، آپس میں بات نہیں کرتے بلکہ ایک دوسرے کو پیغام بھی موبائل پر بھیجتے ہیں۔انہوں نے مشورہ دیا کہ موبائل کا استعمال ضرور کریں لیکن اسے خود پر حاوی نہ ہونے دیں، ورنہ یہ ایک بیماری بن جاتی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی