i شوبز

سینئر اداکارہ نوشابہ بی بی کا 12 سال کی عمر میں شادی ہونے کا اعترافتازترین

January 28, 2026

شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ نوشابہ بی بی نے کہا ہے کہ ان کی 12 سال کی عمر میں شادی ہوئی تھی اور 14 سال کی عمر میں وہ ماں بن گئی تھیں۔ حال ہی میں نوشابہ بی بی نے ایک ڈیجیٹل میڈیا چینل کو خصوصی انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے اپنی کم عمری کی شادی کے بارے میں کھل کر بات کی۔نوشابہ بی بی کا کہنا تھا کہ مجھے ملازمت یا کیریئر کے لیے کوئی وقت نہیں ملا کیونکہ میری شادی 12 سال کی عمر میں ہو گئی تھی، اور اسی عمر میں میں نے ٹیلی وژن پر کام بھی شروع کر دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ میں گڑیوں سے کھیل رہی تھی کہ میری شادی کردی گئی، ایک دن مجھے بتایا گیا کہ گھر میں شادی ہے، بس مجھے ایک لپ اسٹک دی گئی، اور میں سب کچھ بھول گئی، کیونکہ لپ اسٹک میری کمزوری تھی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں خوشی خوشی سہیلیوں کے درمیان جا کر شادی کے بندھن میں بندھ گئی، اس وقت بچوں کو یہ بھی معلوم نہیں ہوتا تھا کہ شادی کیا ہوتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ جب تمام مہمان چلے گئے تو میں نے اپنی بھابھی سے کہا کہ مجھے واپس گھر بھیج دیں، ہم دونوں کے درمیان عمر کا فرق 23 سال تھا، وہ میرے خالہ زاد تھے اور اس شادی کے لیے میری خالہ نے ہی اصرار کیا تھا۔نوشابہ بی بی کا مزید کہنا تھا کہ میں 14 سال کی عمر میں ماں بن گئی، میرے تین بیٹے اور ایک بیٹی ہیں، میرے والد کافی سخت تھے، لیکن میرے شوہر نے میرے اداکاری کے کیریئر میں میرا بھرپور ساتھ دیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی