معروف اداکاراور میزبان احسن خان نے موبائل فون کو لے کر اپنے بچوں کیلئے سخت اصولوں کا انکشاف کیا ہے۔ ایک انٹرویو کے دوران احسن خان نے بچوں کی پرورش کے حوالے سے اپنی سختیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ آج کے ڈیجیٹل دور میں بچوں کا گجٹس کے استعمال کے حوالے سے بے تحاشا خطرات ہیں۔انہوں نے کہا کہ، میرے بڑے بیٹے کی عمر تیرہ سال ہے اور چھوٹے بیٹے کی گیارہ سال، لیکن میں نے انہیں ذاتی گجٹس نہیں دیے۔ ہمارے گھر میں ایک واضح اصول ہے، پندرہ سال سے پہلے ذاتی گجٹس نہیں ملیں گے۔احسن خان نے اس بات پر زور دیا کہ بچوں کو یوٹیوب دیکھنے کی اجازت تو ہے، مگر وہ بھی ذاتی فون پر نہیں۔ان کے مطابق، زیادہ تر والدین اس بات سے بے خبر ہیں کہ ان کے بچے آن لائن کیا کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے بہت سے خطرناک حالات سامنے آ رہے ہیں۔احسن خان نے والدین کو ذمہ داری لینے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ والدین کو بچوں کی ترتبیت میں غفلت سے کام نہیں لینا چاہیے۔ آج کے دور میں والدین کو اپنے بچوں کی حفاظت کے لیے زیادہ آگاہی اور احتیاط برتنی چاہیے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی