سینئر اداکارہ صبا فیصل نے کہا ہے کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری میں ایوارڈز صرف جوان اداکاروں کے لیے ہوتے ہیں، انہیں ایوارڈز کی کوئی پرواہ نہیں، انہیں ماضی میں متعدد ایوارڈز مل چکے۔ ایک ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری کو تین حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے، جس میں سے ایک حصہ ایوارڈز کے لیے ہوتا ہے، دوسرا حصے میں سوشل میڈیا پر چھائے رہنے والے اداکار ہوتے ہیں اور تیسرے حصے میں وہ اداکار شامل ہیں جو حقیقی اداکار اور کام کرنے والے ہوتے ہیں۔اداکارہ نے ایوارڈز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایوارڈز کی ضرورت نہیں ہے، ان کے پاس پی ٹی وی کے دور کے ایوارڈز موجود ہیں، جن کی اہمیت بھی ہوتی تھی۔صبا فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایوارڈز عمر کے حساب سے چل رہے ہوتے ہیں، خصوصی طور پر جوان اداکاروں کو ایوارڈز دیے جاتے ہیں۔صبا فیصل کے مطابق ان کیلئے سوشل میڈیا انتہائی اہم ہے لیکن وہ شوبز کے تیسرے حصے میں آتی ہیں، وہ کام کرنے والی ہیں اور اپنے کام کی وجہ سے پہچانی جاتی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی