معروف اداکارہ رمشا خان نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں عورت مخالف سوچ گہرائی تک رچی بسی ہے۔ ایک انٹرویو میں اداکارہ نے مزید کہا کہ ہماری عوام اداکارائوں کو ایک خاص سانچے میں ہی دیکھنا چاہتی ہے، جب کہ اداکاروں کو ہر چیز کی اجازت ہوتی ہے۔ان کے مطابق اگر کوئی اداکار تمباکو نوشی کرے، سگریٹ پیے یا کسی کو دھوکہ دے تو مسئلہ نہیں ہوتا، لیکن اگر ایک اداکارہ سلیولیس لباس پہن لے تو وہ فورا تنقید کا نشانہ بن جاتی ہے۔انہوں نے اس تاثر پر بھی بات کی کہ ناظرین اکثر سمجھتے ہیں کہ ڈرامے میں اداکارہ کا جو کردار ہوتا ہے، وہ حقیقی زندگی میں بھی ویسی ہی ہوتی ہے، حالانکہ حقیقت میں وہ اس کردار سے بالکل مختلف ہوتی ہے۔رمشا خان کے مطابق شوبز انڈسٹری میں عورت مخالف سوچ گہرائی تک رچی بسی ہے، سیٹ پر مرد اداکاروں کو خصوصی رعایتیں دی جاتی ہیں، جب کہ اداکاراں کو وہ سہولتیں فراہم نہیں کی جاتیں، یہاں تک کہ اگر کسی اداکارہ سے کوئی غلطی ہو جائے تو اسے فورا ذمے دار ٹھہرا دیا جاتا ہے۔انہوں نے یہ کہا کہ ڈراموں کی کہانیوں میں بھی عورت مخالف سوچ بڑی گہرائی سے موجود ہے، جو معاشرتی سوچ کی عکاسی کرتی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی