بھارت میں پاکستانی یوٹیوب چینلز اور فنکاروں پر عائد کی گئی پابندی اچانک ختم کردی گئی جس کے بعد بھارتی شائقین ایک بار پھر پاکستانی مواد تک رسائی حاصل کرسکے ہیں۔ پابندی کے خاتمے پر بھارتی شائقین خوشی کا اظہار کررہے ہیں۔ اگرچہ پابندی کے دوران پاکستانی ڈراموں کی بھارتی ویورشپ میں کمی ہوئی تھی، تاہم من مست ملنگ، شیر، ڈائن اور پرورش جیسے مقبول ڈرامے مسلسل بھارتی ناظرین کو اپنی جانب متوجہ کرتے رہے۔بھارتی صارفین نے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔ ایک مداح نے لکھا، پہلا قدم دلجیت دوسانجھ نے اٹھایا، اب سب ان کے پیچھے چل رہے ہیں۔ ایک اور صارف نے کہا، پابندی ختم ہونا خوش آئند ہے مگر پاکستانی انڈسٹری کو اب اور بہتر مواد پر توجہ دینی چاہیے۔ دوسری جانب جن فنکاروں کے اکائونٹس تک رسائی بحال ہوئی ہے ان میں دانش تیمور، احد رضا میر، ماورا حسین اور یمنی زیدی شامل ہیں۔تاہم ماہرہ خان، فواد خان، وہاج علی، اقرا عزیز، فرحان سعید اور ہانیہ عامر کے اکائونٹس تک رسائی بند ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی