اداکارہ ماہم عامر نے انکشاف کیا ہے کہ بدتمیزی اور چھیڑ خانی کرنے پر وہ نصف درجن سے زائد مردوں کی بازاروں اور گلیوں میں پٹائی کر چکی ہیں۔ ایک ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ ان کے والد پنجابی ہیں، اس لیے وہ خود کو نصف پنجابی سمجھتی ہیں۔اداکارہ نے لڑکیوں کو مشورہ دیا کہ انہیں شادی سے نہیں گھبرانا چاہیے، شادی کیریئر میں رکاوٹ نہیں ہوتی، بہت اچھی چیز اور اچھا رشتہ ہے۔ماہم عامر کے مطابق جس لڑکی کو اچھا جیون ساتھی مل جائے، وہ فوری طور پر شادی کرلے، ہر رشتے کی طرح شادی میں بھی اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے اور یہی اسی رشتے کی خوبصورتی ہے۔ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ چوں کہ ان کا قد لمبا ہے اور اسکول کے زمانے سے ہی لڑکے ان سے ڈرتے تھے، دراز قد کی وجہ سے انہوں نے متعدد بار بدتمیزی کرنے والے مردوں کی پٹائی بھی کی۔انہوں نے بتایا کہ عام طور پر انہوں نے بازاروں اور گلیوں میں چھیڑ خانی اور بدتمیزی کرنے والے مردوں کی پٹائی کی اور مجموعی طور پر انہوں نے نصف درجن سے زائد مردوں کی پٹائی کی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی