i شوبز

حمیرا اصغر کی موت ' فنکاروں کی ذہنی صحت پر بات کرنے کی اپیلتازترین

July 09, 2025

اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی افسوسناک موت پر کئی فنکاروں نے نہ صرف دکھ کا اظہار کیا بلکہ ذہنی دبا ئوسے گزرنے والے افراد کے لیے ہمدردی، مدد اور ذہنی صحت پر کھل کر بات کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔اداکارہ ماورا حسین، امر خان اور نادیہ حسین نے حمیرا اصغر علی کی افسوسناک موت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے اور ساتھ ہی ذہنی دبائو اور خاموش جدوجہد کرنے والوں کے لیے ہمدردی اور مدد کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔ امر خان نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام جاری کرتے ہوئے حمیرا کی موت پر گہرے صدمے اور دکھ کا اظہار کیا۔انہوں نے لکھا کہ یہ واقعہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں موجود دبائو اور ذہنی صحت کے مسائل کی سنگینی کو اجاگر کرتا ہے۔ امر خان نے فنکاروں پر زور دیا کہ وہ اپنی ذہنی صحت کو اولین ترجیح دیں اور ضرورت پڑنے پر مدد لینے سے نہ گھبرائیں۔

اداکارہ ماورا حسین نے بھی سوشل میڈیا پر حمیرا کی افسوسناک موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی ساتھی فنکار ذہنی دبائو یا کسی مشکل میں مبتلا ہے تو وہ ضرور بات کریں۔ماورا نے یہ بھی کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ فنکار ایک دوسرے کا سہارا بنیں اور ایک مضبوط کمیونٹی کے طور پر ابھریں۔اداکارہ و ماڈل نادیہ حسین نے انسٹاگرام پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ ہماری انڈسٹری کی لڑکی تھی' ایسی لڑکیاں جو جدوجہد کرتی ہیں، ان کے لیے یہ راستہ آسان نہیں ہوتا، خاص طور پر آج کے دور میں، یہ تمام لڑکیوں کے لیے پیغام ہے کہ اپنی زندگی پر کنٹرول رکھیں اور اپنی فیملی، دوستوں سے رابطے میں رہیں۔اداکارہ یشما گل نے بھی حمیرا اصغر کے انتقال کی خبر شیئر کرتے ہوئے ان کے لیے دعا کی کہ اللہ تعالی انہیں جنت نصیب فرمائے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی