اداکارہ و ماڈل حرا ترین نے اداکارہ حمیرا اصغر علی اور سینئر اداکارہ عائشہ خان کی تنہائی میں اموات کے تناظر میں معاشرتی اور خاندانی نظام کے بکھرتے ڈھانچے پر کھل کر بات کی ہے۔دونوں اداکارائوں کی لاشیں ان کے گھروں سے کئی دن بعد ملیں، جنہیں حرا ترین نے انتہائی دل دہلا دینے والا قرار دیا۔حرا ترین نے انسٹاگرام پر کی گئی ایک پوسٹ میں لکھا کہ وہ حمیرا سے ایک فیشن ویک کے دوران ملی تھیں، جب وہ ماڈلنگ کر رہی تھیں۔انہوں نے لکھا کہ فیشن انڈسٹری میں بعض اوقات لوگ بہت ظالم ہوجاتے ہیں، لیکن آج کل جو کچھ ہو رہا ہے وہ دل توڑ دینے والا ہے، ایک ایسی حقیقت جس پر ہم بات ہی نہیں کرتے۔انہوں نے مزید کہا کہ معاشرہ اور خاندان کا ڈھانچہ ہماری آنکھوں کے سامنے بکھر رہا ہے اور یہ سننا کہ کوئی شخص اپنے گھر میں تنہا انتقال کر جائے اور کئی دن بعد پتا چلے، یہ سب کچھ حد سے زیادہ پریشان کن ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی