اداکارہ و میزبان عائشہ عمر نے وضاحت کی ہے کہ ریئلٹی شو لازوال عشق کو دیکھے بغیر لوگوں نے اس کے بارے میں غلط رائے قائم کر لی ہے، شو کا اصل مقصد بالغ افراد کے درمیان بات چیت اور تعلقات قائم کرنے کی صلاحیت دکھانا ہے۔حال ہی میں عائشہ عمر نے شو اور اس کی پروڈکشن کے حوالے سے اہم معلومات شیئر کیں۔انہوں نے انسٹاگرام اسٹوریز میں لکھا کہ یہ شو پاکستانی نہیں ہے، لیکن اس کے ناظرین میں پاکستانی اور دیگر ممالک میں رہنے والے لوگ شامل ہیں جو اردو بول اور سمجھ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک اردو زبان کا رئیلٹی شو ہے، جس میں بالغ افراد کو ایک دوسرے سے بات کرنا، تعلقات بنانا اور سچی محبت تلاش کرنا سکھایا جاتا ہے۔
عائشہ عمر نے کہا کہ جن لوگوں نے ابھی تک شو نہیں دیکھا اور اس کے بارے میں غلط فہمی رکھتے ہیں، انہیں بتانا چاہتی ہوں کہ خواتین شرکا کے لیے علیحدہ سونے کے کمرے اور ڈریسنگ رومز موجود ہیں، جب کہ مرد شرکا کے لیے بھی الگ جگہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ شرکا عام لانج، پول سائیڈ اور کچن میں ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت کرتے ہیں، جیسے دیگر پاکستانی ٹی وی رئیلٹی شوز میں ہوتا ہے، وہ گروپ سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں، کھیل کھیلتے ہیں، ڈانس کرتے ہیں، روتے ہیں، لڑتے ہیں اور یہ سیکھتے ہیں کہ ذمہ داری اور احتساب کیسے لیا جائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی