معروف فیشن ڈیزائنر ماریہ بی اور ترکیہ کی ماڈل ترکان آتائے کے درمیان فوٹوشوٹ کے معاوضے کی ادائیگی سے متعلق تنازع سامنے آ گیا۔ترکیہ کی ماڈل و سوشل میڈیا اسٹار ترکان آتائے نے تین دن قبل انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ ماریہ بی نے انہیں ترکیہ میں کیے جانے والے فوٹوشوٹ کی مکمل ادائیگی نہیں کی۔ترکان آتائے کا کہنا تھا کہ وہ یہ ویڈیو پیسوں کے لیے نہیں شیئر کر رہیں، وہ صرف مسئلے کی نوعیت بتانے کے لیے ویڈیو شیئر کر رہی ہیں۔ان کی جانب سے الزامات لگائے جانے کے بعد ماریہ بی نے انہیں جواب دیتے ہوئے ویڈیو شیئر کی اور اعتراف کیا کہ بعض تکنیکی مسائل کی وجہ سے ترکیہ کی ماڈل کو مکمل ادائیگی نہیں ہو سکی۔
ماریہ بی نے اپنی مختصر ویڈیو میں بتایا کہ ترکان آتائے نے ان سے کام کے لیے رابطہ کیا تھا، جس پر انہیں خوشی ہوئی اور انہوں نے اپنی نوجوان پی آر کی لڑکی کو معاملہ سونپا، جن سے کچھ غلطیاں ہوئیں۔فیشن ڈیزائنر کا کہنا تھا کہ اب نئی بچی سے جو غلطیاں ہوئیں، اس پر انہیں وہ کیا سزا دیں؟ کیا انہیں ملازمت سے نکال دیں یا پھر انہیں مار ڈالیں؟ماریہ بی کے مطابق انہوں نے ترکیہ کی ماڈل کو بہت زیادہ رقم کی ادائیگی کردی ہے جب کہ کچھ سو ڈالرز کی مزید ادائیگی ہونی تھی جو کہ تکنیکی مسائل کی وجہ سے رکی۔انہوں نے دعوی کیا کہ ترکیہ کی ماڈل کو سمجھانے کے باوجود انہوں نے ان کے خلاف الزامات کی ویڈیو جان بوجھ کر لگائی اور انہیں دھمکی بھی دی کہ وہ اس طرح کی مزید ویڈیوز بھی شیئر کریں گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی