اداکارہ و میزبان مشی خان نے پاکستانی عوام کی طرف سے اداکاروں پرعمر کی بنیاد پر تنقید کرنے کے رجحان کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔حال ہی میں جاری ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہماری انڈسٹری میں 40 سال کے بعد کام کرنا جیسے جرم بن گیا ہے، جبکہ دیگر ممالک میں فنکاروں کی عمر کے ساتھ ساتھ ان کے تجربے کو بھی سراہا جاتا ہے۔مشی خان نے اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر پوسٹ کی گئی اس ویڈیو میں اداکار ہمایوں سعید اور ماہرہ خان کے حق میں آواز بلند کی، جو حال ہی میں فلم لو گرو میں جلوہ گر ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ، اگر کسی کا کام پسند نہ آئے تو تنقید کیجئے، لیکن عمر پر تنقید کرنا کہاں کی عقلمندی ہے؟ بھارت میں اداکارائیں اپنی عمر کے ساتھ کام کرتی ہیں اور انہیں خوبصورتی سے بڑھاپے کو گلے لگاتے دیکھ کر سراہا جاتا ہے۔ لیکن یہاں لگتا ہے جیسے 40 سال کا ہونا ہی گناہ ہے۔مشی خان نے مزید کہا، کیا 40 سال کی عمر کے بعد اداکار زہر کھا لیں؟ کیا 30 سال کے بعد انسان کو مر جانا چاہیے؟ جو لوگ دوسروں پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں، وہ پہلے آئینے میں اپنے چہرے دیکھ لیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی