معروف اداکارہ و مادل نوشین شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں کالج میں پڑھائی کے دوران خوبصورت دیکھ کر ڈرامے میں کام کی پیش کش ہوئی اور انہوں نے گھر والوں کو بتائے بغیر ہی ڈرامے میں کام کیا تھا۔ ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے نوشین شاہ نے بتایا کہ جب وہ کالج میں گیارہویں جماعت کی طالبہ تھیں، تب وہاں ڈرامے میں کام کے لیے پروڈکشن ٹیم والے نئے چہرے تلاش کرنے آئے تھے، جن کی نظر ان پر پڑی۔انہوں نے بتایا کہ پروڈکشن ٹیم نے کالج کی پرنسپل کو مجھے بلانے کا کہا اور پھر انہیں پرنسپل کے دفتر میں بلا کر ڈرامے میں کام کی پیش کش ہوئی اور انہوں نے سوچے سمجھے بغیر ہاں کردی۔انہوں نے بتایا کہ ڈرامے میں ان کا کردار مختصر تھا، ان کی خوبصورتی دیکھ کر انہیں ڈرامے میں کام کی پیش کش ہوئی اور پھر انہیں مختصر کردار کے بھی تین ہزار روپے دیے گئے۔نوشین شاہ نے کہا کہ انہوں نے گھر والوں سے بات چھپائی لیکن جس دن ڈراما نشر ہوا، اس دن ان کی والدہ نے ان کی خوب پٹائی کی جبکہ والد ان کی اداکاری سے خفا نہیں ہوئے بلکہ ان کی جانب سے جھوٹ بولنے پر ناراض ہوئے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی