پاک بھارت کشیدگی اور حالیہ جنگ کے بعد پاکستانی اداکاروں کی تصاویر بھارتی میوزک پلیٹ فارمز سے ہٹا دی گئیں۔ فواد خان کو فلم کپور اینڈ سنز کے گانے بدھو سا من کے پوسٹر سے ہٹا دیا گیا ہے، اور یہ گانا اب بھارت میں یوٹیوب پر دستیاب نہیں ہے تاہم فواد خان کی 2014 کی فلم خوبصورت کا پوسٹر تاحال تبدیل نہیں ہوا۔اسی طرح ماہرہ خان کو فلم رئیس کے البم کور سے ہٹا دیا گیا ہے، جس میں اب صرف شاہ رخ خان نظر آ رہے ہیں جبکہ ماہرہ غائب ہیں جو اس فلم میں ان کی ہیروئن تھیں۔اداکارہ ماورا حسین کی فلم صنم تیری قسم کے پوسٹرز سے بھی ان کی تصویر کو اسپاٹیفائی اور یوٹیوب میوزک سے ہٹا دیا گیا ہے اور انہیں صنم تیری قسم 2 میں شامل کرنے سے بھی انکار کردیا گیا ہے۔یہی نہیں بلکہ بھارت میں پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم کا بھی ان کے گائے گانوں سے نام ہٹا دیا گیا ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آرہا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی