اداکارہ روبی انعم نے سینئرز کی ڈانٹ اور سوشل میڈیا پر مسلسل تنقید کے بعد بشری انصاری سے متعلق اپنے بیان پر دوبارہ وضاحت پیش کی اور معذرت کرلی۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنی ایک تازہ ویڈیومیں روبی انعم نے کہا کہ وہ اپنے بیان پر سینئرز کی ڈانٹ کے بعد شرمندہ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کی بات سے کسی کو دکھ پہنچا ہے تو وہ دلی طور پر سب سے معافی مانگتی ہیں، خاص طور پر ان سینئرز سے جو ان سے محبت کرتے ہیں۔ اداکارہ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ آج کل انٹرویوز کے دوران ایڈیٹنگ ساتھ ساتھ چلتی رہتی ہے اور چونکہ وہ شرارتی طبیعت کی مالک ہیں، اسی دوران ایک لمحے میں انہوں نے شوخی میں کچھ کہہ دیا جو ریکارڈ ہوگیا۔ان کے مطابق پورے انٹرویو میں انہوں نے کسی کے بارے میں منفی بات نہیں کی۔انہوں نے مزید کہا کہ اسما عباس اور ان کے درمیان بے پناہ محبت اور عزت ہے اور وہ کبھی بھی ان کی توہین کا سوچ بھی نہیں سکتیں۔روبی انعم کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد کبھی کسی کو تکلیف دینا نہیں ہوتا اور نہ ہی وہ دوسروں کو گرا کر کامیابی حاصل کرسکتی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی