اداکارہ علیزے شاہ نے ماضی کے فیشن شو کے دوران ریمپ پر پیش آنے والے واقعے پر لب کشائی کرتے ہوئے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔علیزے شاہ نے سوشل میڈیا پر اپنا تہلکہ خیز ویڈیو بیان جاری کیا ہے جس میں وہ خود کے ساتھ انڈسٹری میں ہونے والی بدسلوکی کا انکشاف کر رہی ہیں اور کئی اسکینڈلز کی حقیقت واضح کر رہی ہیں۔اس ہی ویڈیو میں علیزے شاہ نے بتایا کہ برائیڈل فیشن شو کے دوران ان کا گرنا اتفاقیہ نہیں تھا بلکہ گلوکارہ شازیہ منظور نے دانستہ طور پر انہیں بار بار پکڑا اور دھکا دیا، جس سے وہ توازن کھو بیٹھیں۔علیزے شاہ نے دعوی کیا کہ یہ حرکت شازیہ منظور کی عادت ہے اور وہ اس سے قبل سوشل میڈیا اسٹار جنت مرزا کے ساتھ بھی ایسا سلوک کر چکی ہیں۔ علیزے نے مزید کہا کہ ایسے رویے کسی کے لیے بھی شرمندگی کا باعث بن سکتے ہیں، خاص طور پر جب وہ عوامی مقام پر ہوں۔انہوں نے میزبان و اداکارہ جگن کاظم پر بھی تنقید کی اور کہا کہ انہوں نے نہ صرف واقعے کو سنجیدگی سے نہیں لیا بلکہ علیزے کے گرنے پر مذاق بھی اڑایا، جو غیر پیشہ ورانہ رویہ ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی