بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کے سفاکانہ قتل کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد شوبز سے وابستہ شخصیات نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔سینئر اداکار نعمان اعجاز نے بھی اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ خواتین کو تو جنگ میں مارنے کی بھی اجازت نہیں اور لوگ انہیں محبت کرنے کے جرم میں مار رہے ہیں۔اداکارہ حرا خان نے انسٹاگرام پر لکھا کہ امید ہے کہ جن لوگوں نے یہ قتل اپنی آنکھوں کے سامنے ہوتے دیکھا ہے، ان کے پاس خدا کے سامنے سوال و جواب کے وقت کے لیے جواب تیار ہوگا، خدا کرے کہ تم سب جہنم میں جائو۔اداکار اسامہ خان نے مذکورہ واقعے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ کون سی مردانگی ہے، جس میں غیرت کے نام پر بیٹی کا قتل کر دیا جاتا ہے لیکن انہیں ان کا حق نہیں دیا جاتا۔اداکار و میزبان مشی خان نے کہا کہ اتنا دلخراش واقعہ پیش آیا جس میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو نام نہاد مردوں نے قتل کر دیا، یہ کس جنگل میں رہ رہے ہیں۔مشی خان نے مزید کہا کہ اس ملک میں جب حرام کام آزادانہ طور پر کیے جاتے ہیں، تو اس وقت کسی کی غیرت نہیں جاگتی، ساتھ ہی انہوں نے متاثرین کے لیے انصاف کا بھی مطالبہ کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی