گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مہنگی بجلی کے مارے صارفین کو آئی پی پیز کا مسئلہ جلد حل ہونے کی خوشخبری سنا تے ہوئے کہا ہے کہ تمام بجلی گھروں سے نئے معاہدے کیے جائیں گے جو عوام کے مفاد کو مدنظر رکھ کر ہوں گے۔ تفصیل کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری عوامی انداز میں کراچی کی لیاقت آباد کی فرنیچر مارکیٹ پہنچ گئے۔ وہ لوگوں میں گھلے ملے، تاجروں کے مسائل سنے اور ڈی سی سینٹرل کو موقع پر ہی طلب کر کے تاجروں کی پارکنگ سمیت دیگر مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔گورنر سندھ نے کہا کہ نوجوان مایوس نہ ہوں اور خود کو کرایہ دار نہیں بلکہ کراچی کا مالک سمجھیں۔ انہوں نے تاجروں کو گورنر ہائوس آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ گونر ہائوس آئیں جہاں کچہری بھی لگائیں گے اور ساتھ ہی لوڈو اور کیرم بھی کھیلیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے مہنگی بجلی کی شکایت پر خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ آئی پی پیز کا مسئلہ جلد حل ہو جائے گا اور تمام بجلی گھروں سے نئے معاہدے کیے جائیں گے جو عوام کے مفاد کو مدنظر رکھ کر ہوں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی