i پاکستان

سندھ حکومت کا کراچی میں بھتہ خوری میں ملوث بیرون ملک موجود ملزمان کی گرفتاری کیلئے وفاق کو خطتازترین

December 20, 2025

کراچی میں بلڈرز اور تاجروں کی شکایت کے بعد بھتہ خوروں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئیں۔سندھ حکومت نے کراچی میں بھتہ خوری میں ملوث بیرون ملک موجود ملزمان کی گرفتاری کیلئے وفاق کو خط لکھ دیا ۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا بھتہ خوری کے حوالے سے تفصیلی میٹنگ کر چکا ہوں، بھتہ خوروں کے ہینڈلرز ملک سے باہر ہیں، بھتہ خوروں کے ہینڈلرز کے حوالے سے وفاقی حکومت کو لکھا تھا۔مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ بیرون ملک بھتہ خوروں کو نہیں چھوڑا جائے گا ۔ وفاقی حکومت نے بتایا بیرون ملک بیٹھے بھتہ خور مافیا کے سرغنہ کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے رابطہ کیا ہے۔ دوسری جانب ایس ایس پی ایس آئی یو ڈاکٹر عمران کا کہنا ہے کہ بھتہ خوروں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں

اس سال اب تک 50 سے زائد بھتہ خوروں کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ کم و بیش 170 شکایات موصول ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بھی ایک بھتہ خور مقابلے میں مارا گیا جس کے موبائل فون سے مختلف تاجروں کے ناصرف فون نمبر ملے بلکہ وہ ڈیٹا بھی ریکور کیا گیا جس میں اس نے بھتہ طلب کیا تھا۔ڈاکٹر عمران نے مزید کہا کہ بلڈرز کی نمائندہ تنظیم آباد نے جن 10 کیسز کا ذکر کیا ہے ان میں سے صرف 3 واقعات کے مقدمات درج کرائے گئے جبکہ 5 کے بارے میں کبھی آگاہ نہیں کیا گیا، 2 کیسز چند روز قبل ہی پیش آئے جن پر کام شروع کردیا گیا ہے ۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی