گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ آج ہمارے پاسپورٹ کی ویلیو میں اضافہ ہوگیا ہے، ہماری افواج نے منہ توڑ جواب دے کر دنیا کو بتا دیا پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے، سیز فائر نہ ہوتا تو پاکستان حقیقت میں دہلی اور ممبئی پر چڑھائی کرچکا ہوتا۔گورنر سندھ نے یوم تشکر کے موقع پر ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ دشمن نے رات اندھیرے میں جنگ مسلط کی اور ختم اللہ نے ہماری مرضی سے کی۔انہوں نے کہا کہ بھارت یہ سمجھ بیٹھا تھا کہ پاکستان انتشار کا شکار ہے، ایک سیاسی جماعت پی ٹی آئی نے پورے دو سال افواج پاکستان کو رسوا کرایا، کچھ لوگ بیرونی سازش میں شامل ہوگئے اور انکا ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کیخلاف پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں نے بھارت کو ایک ہی جواب دیا، کلمہ کے نام پر بننے والے پاکستان میں ہم سب ایک قوم ہیں کوئی اختلاف نہیں ہے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان نے کبھی بھی امن اور صبر کا دامن نہیں چھوڑا، ہم امن پسند لوگ ہیں کبھی بھی جنگ نہیں چاہتے، میرے شہر میں بمبئی بیکری دہلی ربڑی بھی ہے لیکن یہاں کسی کی دکان کو آگ نہیں لگائی گئی۔گورنر سندھ نے کہا کہ پوری قوم کہہ سکتی ہے کہ وہ کارکنان جو 9 مئی کی سازش میں بے گناہ تھے انہیں عام معافی دے دیں۔انہوں نے کہا کہ تمام شہدا کی فیملیز سے اظہار یکجہتی کرتا ہوں، ابھی صرف دفاعی جواب دیا ہے، مودی کا جھوٹ پکڑا گیا اور سر نیچے ہوگیا ہے، ہم بھارت اور انکی فورسز کے خلاف نہیں لیکن مودی کے خلاف ہیں اس نے ہمارے مسجدوں کو شہید کیا۔کامران ٹیسوری نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان کا ساتھ دیا، پاکستان کا ہر شخص کشمیریوں کے بشانہ بشانہ کھڑا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی