اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی) کے جج طاہر عباس سپرا کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور اشتہاری ہیں جو پورے اسلام آباد میں پھر رہے ہیں۔اے ٹی سی نمبر 2 میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی نااہلی کے خلاف فیض آباد پر احتجاج پر درج مقدمے میں فیصل جاوید اور دیگر ملزمان کی طرف سے وکالت نامے جمع کروا دئیے گئے۔کیس کی سماعت کے دوران واثق قیوم عباسی، راجہ راشد حفیظ، راجہ ماجد و دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ فیصل جاوید کی جانب سے حاضری کی استثنی کی درخواست دائر کی گئی۔جج طاہر عباس سپرا نے ریماکس دئیے کہ شہادتوں کیلئے آج ساڑھے 10 بجے کا وقت رکھ لیتے ہیں، ملزمان ٹرائل میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔وکیل صفائی نے استدعا کی کہ آج آپ 10 جولائی کی تاریخ دے دیں۔ اس پر جج کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور اشتہاری ہیں جو پورے اسلام آباد میں پھر رہے ہیں، وہ ہر عدالت میں جاتے ہیں صرف یہاں پیش نہیں ہوتے۔جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ میں 10 جولائی کی تاریخ دے رہا ہوں، اس دن کوئی کیس نہیں رکھ رہا پھر تاریخ تبدیل نہیں ہو گی۔عدالت کی جانب سے کیس کی سماعت 10 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنمائوں کے خلاف تھانہ آئی 9 میں مقدمہ درج ہے، مقدمے میں فیصل جاوید، واثق قیوم، عامر کیانی و دیگر ملزمان نامزد ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی