سانحہ جی پی او چوک کو ہوئے 18 برس مکمل ہوگئے ،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے 10 جنوری 2008 کو جی پی او خودکش حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ لاہور پولیس کے افسروں وجوانوں نے قیمتی جانیں قربان کرکے شہادت کا عظیم رتبہ پایا جبکہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بھی شہدا پولیس کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔۔جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہاکہ 18 ویں یوم شہادت پر جی پی او خودکش حملے میں تمام شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں،لاہور پولیس کے افسروں وجوانوں نے قیمتی جانیں قربان کرکے شہادت کا عظیم رتبہ پایا ،جام شہادت نوش کرنے والے پولیس افسر و جوان قوم کے ہیرو ہیں۔ محسن نقوی نے کہاکہ پولیس شہدا نے فرض نبھاتے ہوئے اپنی زندگیاں قربان کیں اور تاریخ میں ہمیشہ کے لئے امر ہو گئے ،قوم ان عظیم خاندانوں کی مقروض ہے جن کے بیٹوں نے امن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہاکہ شہدا ہمارے دلوں میں زندہ ہیں اور ہمیشہ زندہ رہیں گے،وہ ہمارے سر کا تاج ہیں اور اپنے شہدا کی تکریم کرنے والی قومیں ہمیشہ سرخرو ہوتی ہیں۔ دریں اثنا آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بھی شہدا پولیس کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔اپنے بیان میں آئی جی پنجاب نے کہا کہ فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والوں کو پنجاب پولیس سلام پیش کرتی ہے، 2008 میں آج ہی کے دن پنجاب پولیس کے 16 افسران و اہلکاروں نے قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، سانحہ جی پی او چوک کے شہدا میں 2 اے ایس آئیز اور 14 اہلکار شامل تھے۔انہوں نے کہا کہ سانحہ جی پی او چوک کے شہدا پولیس کی یاد ہمیشہ ہمارے دلوں میں تازہ رہے گی، ملک و قوم کی حفاظت کیلئے لاہور پولیس کا ہر سپاہی فرنٹ لائن فورس کی حیثیت رکھتا ہے، جام شہادت نوش کرنے والے غیور افسران و اہلکار لاہور پولیس کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ڈاکٹر عثمان انور کا مزید کہنا تھا کہ سانحہ جی پی او چوک کے شہدا کے اہلخانہ کو محکمہ پولیس میں ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں، شہدا پولیس کے ورثا کی فلاح و بہبود کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی