آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے منیجنگ ڈائریکٹر کی خلاف ضابطہ تقرری ، تعلیمی اسناد کی تحقیقات ،قواعد کے برعکس الائونسز کی ادائیگی اور بیرون ملک دوروں سے متعلق شہری کی شکایت پر قومی اسمبلی کی پبلک اکائو نٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نیسخت نوٹس لیتے ہوئے وزارت پٹرولیم سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔پی اے سی کی ذیلی کمیٹی کی جانب سے وزارت پٹرولیم سے او جی ڈی سی ایل میں جنرل منیجر(لیگل ) کے عہدے پر تقرری کے لئے مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت درکار اہلیت اور تجربہ اور تقرری کے وقت احمد حیات لک کی قابلیت و تجربے کی تفصیل طلب کی گئی ہے کمپنی سیکرٹری کے عہدے پر تقرری کے لئے درکار اہلیت و تجربہ اور احمد حیات لک کی اس وقت کی تعلیمی و پیشہ ورانہ اسناد کے علاوہ منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے پر تقرری کے لیے لاگو ریکروٹمنٹ رولز کے مطابق اہلیت و تجربہ کی تفصیل بھی مانگی گئی ہے۔اس کے علاوہ احمد حیات لک کو تقرری کی شرائط کے تحت دی گئی تنخواہ، الانسز اور مراعات اور اصل ادائیگیوں کی تفصیل اور کسی بھی اضافی ادائیگی کا قانونی جوازبھی طلب کیا گیا ہے۔سب کمیٹی نے احمد حیات لک کیغیر ملکی دوروں پر آنے والے اخراجات کی مکمل تفصیل ان دوروں سے او جی ڈی سی ایل کو حاصل ہونے والے فوائد بارے بھی رپورٹ طلب کی ہے۔
یاد رہے کہ محمد حماد نامی شہری کی طرف سے او جی ڈی سی ایل کے موجود منیجنگ ڈایکریٹر(ایم ڈی) احمد حیات لک کے خلاف سیکرٹری پبلک اکائونٹس کمیٹی کو دی گئی تحریری درخواست میں کہا گیا تھا کہ ایم ڈی احمد حیات لک کو قواعد وضوابط میں رعائت دے کر2011 میں جنرل منیجرلیگل تعینات کیا گیا۔آسامی کے اشتہار میں 24سال کا تجزبہ لازمی تھا تاہم اس وقت انہیں 14 سال کی چھوٹ دی گئی۔درخواست میں کہا گیا کہ کنٹریکٹ کے مطابق بمعہ بونس تنخواہ ساڑھے چارلاکھ روپے مقرر کی گئی۔تاہم انہیں سالانہ انکریمنٹ اوردیگر مالی مراعات قوائد کے برعکس ادا کی گئیں،10جون 2011 سے31جولائی 2013 تک انہیں مبینہ طور پر61لاکھ 79ہزار814 روپے زائد ادا کیے گئے۔پی اے سی ان ادائیگیوں کی قانونی حیثیت ،منظوری کے طریقہ کار اور حقیقی بنیادوں کی تحقیقات کرے اوربے ضابطگی کی صورت میں ریکوری اورتادیبی کارروائی کرے۔ درخواست میں کہا گیا کہ ایم ڈی نے بے شمار بیرون ملک دورے بھی کئے اس بات کی انکوائری ہونی چاہئے کہ ان کے ان دوروں پر کتنا خرچ آیا اور کتنا ٹی اے ڈی اے وصول کیا اور یہ کہ ان کے ساتھ کس کس نے دورے کئے اور فائدہ اٹھایا۔ درخواست میں جی ایم او جی ڈی سی ایل احمد حیات لک کی تعلیمی اسناد کی جانچ پڑتال،قواعد کے برعکس 20 فیصد ایفیشینسی الائونس کی ادائیگی اور بیرون ملک کیے گے دوروں کے اخراجات کی شفاف تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا گیا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی