کراچی میں سعیدآباد نیول کالونی گیٹ کے قریب ڈاکوئو ں کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا، واقعہ اس وقت پیش آیا جب شہری نے واردات ناکام بنانے کی کوشش کی۔ریسکیو حکام کے مطابق سعیدآباد نیول کالونی گیٹ کے قریب فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص زخمی ہوا، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔زخمی شخص کی شناخت 40 سالہ ارشد کے نام سے کی گئی ہے۔عینی شاہد اور دوست حکمت خان کے مطابق کار سوار ڈاکو ایک فیملی سے لوٹ مار کر رہے تھے۔اس دوران ارشد نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈاکوں کو پکڑنے کی کوشش کی جس پر ملزمان نے اس پر فائرنگ کر دی اور موقع سے فرار ہو گئے۔دوسری جانب کراچی علاقے جوڑیا بازار میں کھارادر پولیس اور ڈاکوئوں کے درمیان مبینہ مقابلے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہو گیا۔ریسکیو حکام کے مطابق فائرنگ کے بعد زخمی حالت میں ملنے والے ڈاکو کو اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔پولیس نے ہلاک ہونے والے ڈاکو کی لاش قانونی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کر دی ہے، جہاں اس کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ڈاکو کے قبضے سے ایک پستول بمعہ گولیاں، موبائل فون اور نقد رقم برآمد کر لی گئی ہے۔ادھر ماڑی پور بدہنی گوٹھ کے قریب ایس آئی یو (اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ) پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران ڈکیتی کے دوران قتل کے مقدمے میں مطلوب دو ملزمان ہلاک ہو گئے۔ایس ایس پی ایس آئی یو محمد عمران خان کے مطابق دورانِ ڈکیتی قتل کیس میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس آئی یو پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے جوابی فائرنگ کی۔ایس ایس پی کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو ملزمان ہلاک ہو گئے۔ پولیس نے موقع سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر لی ہے جو وارداتوں میں استعمال ہونے کا شبہ ہے۔پولیس حکام کے مطابق ہلاک ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی بھی مکمل کی جا رہی ہے۔ایس ایس پی محمد عمران خان نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی