شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ، سڑکوں پر فوج ، رینجرز اور ایف سی کے دستے گشت کر رہے ہیں۔نورخان ائیر بیس اور اسلام آباد ائیرپورٹ کے قریب ہوٹلز اور ریسٹورنٹس سیمت تمام کاروباری مراکز بند کر دیئے گئے ہیں۔دوسری جانب راولپنڈی میں اندرون شہر تمام مارکیٹیں اور بازار کھلے ہیں اور کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔ پولیس کے مطابق راولپنڈی کینٹ اور اندرون شہر تمام راستے کھلے ہیں۔واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت میں 15 اور 16 اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا سربراہی اجلاس ہو گا جس کیلئے مختلف ممالک کے وفود اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔ ایس سی او کانفرنس کیلئے اسلام آباد میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کر لئے گئے۔ایس سی او کانفرنس کے حوالے سے اسلام آباد شہر میں پاک فوج کے دستے تعینات کر دیئے گئے، میٹرو بس سروس 14 اکتوبر سے 17 اکتوبر تک بند رہے گی، اسلام آباد پولیس نے ٹریفک پلان بھی جاری کردیا۔ ملپور سے ڈھوکری چوک، کشمیر چوک اور سرینا ہوٹل تک سڑک بند رہے گی، راول ڈیم چوک سے کشمیر چوک، سرینا ہوٹل تک مری روڈ بھی بند رہے گا، ملپور سے سرینگر ہائی وے کے ذریعے آبپارہ تک روٹ بند ہوگا، مری اور بھارہ کہو سے راولپنڈی آنے والوں کیلئے متبادل روٹس فراہم کر دیا گیا۔مری اور بھارہ کہو سے راولپنڈی آنے والے کورنگ روڈ، بنی گالہ، پارک روڈ، راول ڈیم چوک کے ذریعے فیض آباد آسکیں گے، راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے نائنتھ ایونیو استعمال کرسکیں گے، ایکسپریس وے فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ اور کورال چوک تک بند رہے گی۔16 اکتوبر تک اسلام آباد میں ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا د اخلہ بند ہوگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی