i پاکستان

بارش برسانے والا سسٹم آج سے ملک میں داخل، آندھی اور طوفان کا امکان، ممکنہ طور پر سیلابی صورتِ حال کا خدشہتازترین

July 04, 2025

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے ) نے کہا ہے کہ آج 6 سے 10 جولائی تک ملک بھر میں بارش، آندھی اور طوفان کا امکان ہے، شہری علاقوں میں ممکنہ طور پر سیلابی صورتِ حال کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا نیا مون سون سسٹم آج (ہفتہ )سے دوبارہ پاکستان میں داخل ہوگا، جس کے نتیجے میں مزید بارشوں اور تیز ہواں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔اس سے شہریوں کو ایک جانب گرمی سے کچھ ریلیف ملے گا، مگر دوسری جانب شہری نظامِ زندگی پر اثرات بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، اٹک اور جہلم سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں طوفان کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔پشاور، دیر، سوات، چترال اور کوہستان سمیت خیبر پختون خوا کے مختلف شہروں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔کوئٹہ، ژوب، زیارت اور قلات سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں بھی بادل برسنے کے امکانات ہیں، مظفر آباد، وادی نیلم اور راولا کوٹ میں شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔میرپورخاص، عمرکوٹ، ٹھٹہ، بدین، گھوٹکی، خیرپور، شکارپور، لاڑکانہ، جیکب آباد اور دادو میں بھی شدید بارشیں متوقع ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔ جبکہ طبی ماہرین نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی