وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان واقعے کے حوالے سے قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ ظالم اپنے انجام کو ضرور پہنچیں گے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ جب یہ واقعہ منظرعام پرآیا تو حکومت نے اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کیا۔انہوں نے بتایا کہ قبیلے کے سردار کی گرفتاری کے بعد عدالت نے اس کا جسمانی ریمانڈ دے دیا ہے مزید حقائق بھی جلد سامنے آئیں گے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کی معافی کا معاملہ تو اسی وقت ختم ہوگیا تھا جب حکومت کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔ہمارا مقصد ہے ملزمان کو کیفرکردارتک پہنچائیں، ریاست نے جو ذمہ داری دی ہے اس پر پورا اترتے ہوئے مظلوم کے ساتھ کھڑا ہوں ظالم کے ساتھ نہیں۔سرفرازبگٹی نے کہا کہ چند لوگوں نے ظلم کیا ہے لیکن پورے بلوچستان کے سرجھک گئے ہیں، ہمارے لیے یقینا یہ ایک ٹیسٹ کیس ہے، دیگر ملزمان کو بھی جلد سے جلد گرفتارکرلیں گے۔وزیراعلی بلوچستان نے بتایا کہ جب پولیس ملزمان کو گرفتارکرنے پہنچی تو مرد بھاگ گئے اور خواتین نے پولیس پر پتھرا ئوکیا، جہالت کو ختم کرنا یقیناحکومت کی ذمہ داری ہے لیکن سوسائٹی کو بھی کردار ادا کرنا ہوگا۔واقعہ تو ہوگیا ہے اس پر شرمندگی کے علاوہ میں کیا کرسکتا ہوں، انفارمیشن محکمے میں جوغفلت کے مرتکب ہونگے انہیں سزائیں دیں گے۔ہدایت کردی گئی ہے کہ جرگہ سسٹم پر کام کریں جہاں قانون کی ضرورت ہوگی قانون سازی کرینگے۔سردارعبدالرحمان کیتھران کو کیس میں عدالت بری کرچکی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی