چینی ٹیکسٹائل گروپ نے پاکستان کے ٹیکسٹائل شہروں سے برآمدات 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پا کستان کو عالمی ٹیکسٹائل اور گارمنٹس مرکز بنائیںگے ۔چینی ٹیکسٹائل گروپ کے چیئرمین نے اپنی سینئر مینجمنٹ ٹیم کے ہمراہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کا دورہ کیا اور لاہور اور کراچی میں دو برآمدی گرین (ماحول دوست) ٹیکسٹائل شہروں کے قیام کے اپنے منصوبوں کا اعلان کیا۔گوادر پرو کے مطابق ایس آئی ایف سی کے سیکرٹری جمیل قریشی نے بتایا کہ گروپ چائنا ٹیکسٹائل کونسل اور چائنا گارمنٹس ایسوسی ایشن کی 25 معروف کمپنیوں کے ساتھ تعاون کرے گا۔ تقریبا 5 بلین امریکی ڈالر کی متوقع سرمایہ کاری کے ساتھ اس منصوبے سے اہم سالانہ پیداوارکی توقع ہے اور پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات میں 10 بلین امریکی ڈالر تک کا اضافہ ہوگا۔گوادر پرو کے مطابق چینی ٹیکسٹائل گروپ کا مقصد ملک کی ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافہ کرنا اور پاکستان کو عالمی ٹیکسٹائل اور گارمنٹس مرکز کے طور پر قائم کرنا ہے ۔ گوادر پروکے مطابق چینی ٹیکسٹائل گروپ ایک بڑے پیمانے پر چین-غیر ملکی جوائنٹ وینچر انٹرپرائز ہے جس میں متنوع شیئر ہولڈرز ہیں۔ یہ چین میں سب سے بڑی اونی ملبوسات اور کاٹن ڈائینگ انڈسٹری چین پر فخر کرتا ہے اور اپنی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹیکسٹائل کی صنعت میں مستقل طور پر حصہ ڈالتا ہے۔ اس وقت گروپ کے برانڈ میٹرکس میں دنیا بھر میں 6,000 سے زائد اسٹورز شامل ہیں، جو 84 ممالک اور خطوں میں کام کر رہے ہیں، جو اسے عالمی فیشن کے میدان میں سب سے زیادہ بااثر چینی انٹرپرائز بناتا ہے۔ وزارت تجارت کے مطابق مالی سال 2023-24 (مالی سال 24 جولائی تا جون) کے دوران پاکستان کی ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی برآمدات 0.93 فیصد اضافے کے ساتھ 16.655 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 16.501 ارب ڈالر تھیں۔ ٹیکسٹائل کے شعبے کو پہلے معاشی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن بعد کے مہینوں میں بہتری نظر آئی۔ جولائی 2023 سے جون 2024 تک پاکستان کی مجموعی برآمدات میں اس شعبے کا حصہ 54.29 فیصد رہا۔ تاہم ٹیکسٹائل سیکٹر کا حصہ مالی سال 2022- 23کے اسی عرصے میں اس کے 59.52 فیصد حصص سے کم ہوا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی