ملک میں چینی کے بحران کے بعد چینی ذخیرہ کرنے والوں کیخلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے 4 ہزار سے زائد بوریاں برآمد کرلی گئیں۔تفصیل کے مطابق گوجرانوالہ میں چینی ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے کریک ڈائون کیا، ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے بتایا کہ کارروائی کے دوران ذخیرہ کی گئی چینی کی 4 ہزار سے زائد بوریاں برآمد کی گئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ گودام سیل کرکے چینی کی بوریاں ضبط کر لی گئی ہیں، چینی ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔نوید احمد کا ضبط کی گئی چینی سے متعلق مزید کہنا تھا کہ شوگر مافیا غیرقانونی ذخیرہ اندوزی کے ذریعے چینی کی قیمتیں بڑھانا چاہتے تھے۔ خیال رہے کہ چینی کے بحران اور قیمتیں بڑھنے کے بعد وفاقی حکومت نے نجی شعبے کو پانچ لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی