i پاکستان

دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو مٹا نہیں سکتی، رضوان سعید شیختازترین

May 17, 2025

امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو مٹا نہیں سکتی،پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔واشنگٹن میں یوم تشکر کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں پاکستانی سفیر نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے اثرات سے عالمی برادری واقف ہے، امریکانے کشیدگی میں کمی کے لیے نمایاں کردار ادا کیا،شواہد سے ظاہرہوتا ہے کہ پہلگام کا اسکرپٹ پہلے سے لکھا جا چکا تھا۔رضوان سعید نے کہا کہ بھارتی حکمران علاقائی تسلط کی دیرینہ خواہش کا برملا اظہار کرتے رہے ہیں، بھارتی پارلیمنٹ میں اکھنڈ بھارت کا نقشہ علاقائی تسلط پسندانہ عزائم کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 22 اپریل سے آج تک پاکستان کو وہ ثبوت نہیں دئیے گئے جو ہم مانگ رہے ہیں، پہلگام واقعے کے فورا بعد بھارت نے طبل جنگ بجانا شروع کر دیا۔

امریکا میں پاکستانی سفیر نے کہا کہ بارہا سمجھانے کے باوجود بھارت نے جارحیت کا مظاہرہ کیا اور خواتین و بچوں کو نشانہ بنایا، جس کے جواب میں بھارتی جارحیت کے سامنے افواج اور عوام سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہو گئے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارتی قیادت ناصرف خود ناکام ہوئی بلکہ اس نے رافیل کو بھی فیل کروادیا،پاک افواج نے بھارتی غرور کو خاک میں ملا دیا،کامیابیوں کے باوجود ہماری افواج نے امن کی خواہش کو قبول کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی نظریات اور اختلافات سے بالاتر ہو کروطن کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کریں،بنیان مرصوص کے فلسفے کی تکمیل معاشی طور پر مستحکم ہونے سے ہوگی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی