i پاکستان

دہشتگردی کیخلاف پاکستان سے تعاون کرتے رہیں گے،امریکاتازترین

March 20, 2024

امریکا کی جانب سے پاکستانی عدالتوں میں زیر التوا مقدمات پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا گیا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستانی عدالتوں میں زیر التوا مقدموں کا مسئلہ پاکستان کا اندورنی معاملہ ہے، پاکستان کی عدالتوں میں چلنے والے مقدموں پر تبصرہ نہیں کر سکتے، پاکستان کیساتھ دہشت گردی کیخلاف تعاون کرتے رہیں گے، امریکا نہیں چاہتا افغانستان دہشت گردوں کی آماج گاہ بنے۔ پریس بریفنگ کے دوران روسی اور پاکستانی انتخابات کے موازنے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں انتخابات میں جمہوری عمل کا موازنہ کرنے پر ایشو اٹھاوں گا۔ ویدانت پٹیل نے کہا کہ یہ وہ فیصلے ہیں جو دونوں ممالک کے عوام کو کرنے چاہئیں، ان ممالک کے لوگوں کے پاس انتخاب، معلومات تک رسائی ہونی چاہیے جو ان کے فیصلہ کرنے میں مدد کریں، یہ بھی ان لوگوں پر منحصر ہے کہ ملکی قیادت کیلئے کسے منتخب کریں اور اسے کس سمت میں لے جانا چاہتے ہیں۔ امریکی وزارت خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کا میڈیا قدرے مضبوط ہے جو اختلافی خیالات اور آرا کیلئے کھلا ہے، روس میں اختلافی آوازوں کو دبانے اور خاموش کرنے کا واضح ریکارڈ موجود ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی