وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہاہے کہ صوبہ سندھ دہشت گردی سے چھٹکارہ حاصل کرچکا ہے، کچے کے ڈاکوئوں کا بھی خاتمہ کریں گے۔پولیس ٹریننگ سعید آباد میں پاسنگ آئو ٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا موجودہ حالات میں دہشت گردی اور جرائم کیخلاف سندھ پولیس نے بھرپور کارروائیاں کی ہیں، سندھ پولیس کے بہادر افسران و جوانوں کی وجہ سے صوبے میں امن قائم ہوا۔انہوں نے کہا کہ کچھ روزپہلے دادو میں تین بہادر سپاہیوں نے شہادت کا رتبہ حاصل کیا، صوبے میں چند ماہ میں پولیس کے افسران و جوانوں نے بہادری کی شاندار مثال قائم کی، کراچی میں سی ٹی ڈی کے ڈی ایس پی علی رضا کو شہید کردیا گیا۔
وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کراچی میں جب کچھ سال پہلے دہشت گردوں نے چینی قونصلیٹ پر حملہ کیا تو کانسٹیبل شہید ہوئے، پچھلے سال جنوری سے دسمبر تک 1325 پولیس مقابلے ہوئے، جن میں 207 ڈاکوں کو ہلاک کیا گیا۔ اس کے علاوہ اس سال یکم جنوری سے آج تک 115 پولیس مقابلے ہوئے جن میں27 ڈاکوئوں کو ہلاک کیاگیا اور 82 زخمی ہوئے، پولیس نے 81 ڈاکوں کو گرفتار کیا اور 153 ڈاکوئو ں نے سرنڈر کیا۔مراد علی شاہ نے کہا کہ امیدکرتا ہوں کہ سندھ پولیس ایسے ہی بہادری سے کام کرتے ہوئے کچے کے ڈاکوئوں کا خاتمہ کریگی، ایک وقت تھا کہ دہشت گرد روزانہ کئی لوگوں کو شہید کر دیتے تھے، یہاں بم دھماکے ہوتے تھے، ٹارگٹ کلنگ ہوتی تھی لیکن ہم دہشت گردی سے چھٹکارہ حاصل کرچکے ہیں، بلوچستان اورخیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی