فیصل آبادمیں جعلی، ناقص وغیرمعیاری گھی تیار کرنیوالی فیکٹری پر چھاپہ مارکر4ہزار کلو گھی،300کلوپیکنگ میٹریل،پیکنگ مشین،چلر،سلنڈر، ٹینک،وزن کانٹا برآمدکرلیاگیاجبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ناقص گھی کی اصل جیسی نقل پیکنگ کرنے والا گروہ بھی رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی فیصل آباد طارق محمود گل نے بتایا کہ آئل مل میں ناقص گھی کو معروف برانڈ کی پیکنگ لگائی جارہی تھی جبکہ وہاں لیبل اور پراڈکٹ غیر رجسٹرڈ شدہ، لازم میڈیکل عدم موجود، حشرات کی بھرمار پائی گئی جس پرجعلی برانڈنگ کا مکروہ دھندہ کرنے والا یونٹ پکڑ کر سخت کارروائی کا آغازکردیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ معروف گھی برانڈ کی پیکنگ لگا کر صارفین کو دھوکہ دیا جارہا تھانیزغیر معیاری، جعلی، ناقص گھی و آئل کا کھانے میں استعمال شہریوں کو دل کے عارضہ میں مبتلا کرتا ہے۔علاوہ ازیں ایڈیشنل ڈائریکٹر طارق محمود گل کی زیرنگرانی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے جناح ٹاؤن،گلبرگ،بھوانہ بازار میں 5معروف ریسٹورنٹس،سنیکس یونٹ اور سٹورز پرچھاپے مارے جہاں سپر سٹور،سنیکس یونٹ اور معروف ریسٹورنٹ کوبند،دوکو ایک لاکھ30ہزارروپے جرمانہ اوردومقدمات بھی درج کرائے گئے۔
مزیدبرآں 350کلو ناقص ہلدی، مرچ،100کلو چاول،150کلو مختلف اشیا ضبط کرلی گئیں جس کے ساتھ ساتھ220لٹر ناقص آئل اور بھاری مقدار میں ممنوعہ اجزا تلف اورموقع پر کئے گئے ٹیسٹ ناقص پائے جانے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔انہوں نے بتایا کہ ناقص آئل میں فرائنگ کرنے پر سنیکس یونٹ بند کر کے مقدمہ درج کرایا گیاجبکہ کریانہ سٹور سے ملاوٹی مصالحہ جات برآمد ہونے پر سٹور بند کرکے مقدمہ درج کرادیا گیانیزہلدی مرچ میں ممنوعہ رنگ اور مضر صحت اجزا کی ملاوٹ پائی گئی۔انہوں نے بتایا کہ تفصیلی رپورٹ کیلئے مصالحہ جات اور گھی کے سیمپل لیبارٹری ٹیسٹ کیلئے بھجوا دیئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور کچن میں حشرات کی بھرمار پائی گئی،سنیکس پر لگایا گیا لیبل غیر منظور شدہ،لازم ریکارڈ بھی موجود نہ تھا۔انہوں نے کہا کہ جعلسازی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے تاہم شہری بھی اپنے ارد گرد ایسے عناصر کی نشاندہی کر کے پنجاب فوڈ اتھارٹی کیساتھ تعاون کریں
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی