حکومت نے خاموشی سے تمام قومی بچت اسکیموں (بشمول روایتی اور شریعت کے مطابق اسکیموں) پر منافع کی شرح میں ایک ماہ کے اندر نمایاں کمی کر دی ہے، جس سے چھوٹے سرمایہ کاروں، خاص طور پر پنشنرز، بیوائوں اور کم آمدنی والے بچت کنندگان کو ایک اور دھچکا لگا ہے۔رپورٹ کے مطابق بار بار کی ایڈجسٹمنٹس کے باوجود، مرکزی نظامت قومی بچت (سی ڈی این ایس) جو وزارت خزانہ کے تحت کام کرتی ہے، عوام کو بروقت معلومات فراہم کرنے سے گریزاں ہے۔منافع کی نظرثانی شدہ شرحیں نہ تو سی ڈی این ایس کی ویب سائٹ پر شائع کی جاتی ہیں اور نہ ہی میڈیا کو جاری کی جاتی ہیں، اس کے بجائے، نوٹیفکیشنز ایجنٹس اور علاقائی دفاتر کو بذریعہ ڈاک خاموشی سے بھیجے جاتے ہیں، جو اکثر کئی ہفتوں کی تاخیر کے بعد موصول ہوتے ہیں، یوں اکثریتی بچت کنندگان (جن میں بڑی تعداد بزرگوں اور کمزور طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کی ہے) لاعلم رہتے ہیں۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشنز کے مطابق اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس (ایس ایس سی)اور اسپیشل سیونگ اکانٹس پر منافع کی شرح 20 بیسس پوائنٹس کم کر کے 10.60 فیصد سے 10.40 فیصد کر دی گئی ہے۔گزشتہ ماہ یہ شرح 10.90 فیصد تھی، اس طرح جولائی میں مجموعی طور پر 50 بیسس پوائنٹس کی کمی کی گئی ہے, قلیل المدتی بچت اسکیموں پر منافع بھی 26 بیسس پوائنٹس کم کر کے 10.40 فیصد سے 10.14 فیصد کر دیا گیا ہے۔
ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس، جو طویل المدتی سرمایہ کاری کی اسکیم ہے، اس کی شرح منافع میں مزید 15 بیسس پوائنٹس کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد یہ شرح 11.76 فیصد سے گھٹ کر 11.61 فیصد ہو گئی ہے، رواں ماہ کے آغاز میں اس میں پہلے ہی 15 بیسس پوائنٹس کی کمی کی گئی تھی، جس سے جولائی کے دوران مجموعی کمی 30 بیسس پوائنٹس تک جا پہنچی ہے۔ریگولر انکم سرٹیفکیٹس پر شرح منافع میں مزید 48 بیسس پوائنٹس کی نمایاں کمی کی گئی ہے، جو 11.16 فیصد سے گھٹ کر 10.68 فیصد رہ گئی ہے، گزشتہ ماہ کی 11.52 فیصد شرح کے مقابلے میں یہ کمی اب مجموعی طور پر 84 بیسس پوائنٹس ہو چکی ہے۔پنشنرز بینیفٹ اکانٹ، بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس (بی ایس سیز)، اور شہدا فیملی ویلفیئر اکانٹ پر منافع کی شرح میں بھی 24 بیسس پوائنٹس کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد یہ شرح 13.20 فیصد سے کم ہو کر 12.96 فیصد رہ گئی ہے۔گزشتہ ماہ بھی ان اسکیموں میں 24 بیسس پوائنٹس کی کمی کی گئی تھی، یوں مجموعی کمی 48 بیسس پوائنٹس ہو چکی ہے، یہ اسکیمیں صرف بزرگ شہریوں، بیواں اور معذور افراد کے لیے مختص ہیں۔شریعت کے مطابق اسکیمیں بھی اس کٹوتی سے محفوظ نہیں رہ سکیں، سروا اسلامک ٹرم اکانٹ (ایس آئی ٹی اے) اور سروا اسلامک سیونگ اکانٹ (ایس آئی ایس اے) پر منافع کی شرح 19 بیسس پوائنٹس کم کر دی گئی، جو 10.13 فیصد سے کم ہو کر 9.94 فیصد ہو گئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی