کراچی کے علاقے اورنگی ٹائون میں ڈاکوئو ں نے موبائل فون چھیننے کے بعد نوجوان کو گولی مار کر قتل کردیا، مقتول سعودی عرب سے کراچی آیا تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اورنگی ٹائو ن ایک نمبر کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے نوجوان کے قتل کا واقعہ پیش آیا ۔ریسکیو حکام کے مطابق مقتول کی شناخت 24 سالہ جبران ولد جمعہ کے نام سے ہوئی ہے جو سعودی عرب سے واپس آیا تھا۔علاقہ مکینوں نے میڈیا کو بتایا کہ مقتول جبران سعودی عرب میں اہلخانہ کی کفالت کیلئے ملازمت کرتا تھا، جاں بحق نوجوان جبران کے والد کا گزشتہ ہفتے انتقال ہوا تھا۔والد کے انتقال پر مقتول سعودی عرب سے کراچی آیا تھا، ملزمان نے موبائل فون چھیننے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کی اور قتل کرکے فرار ہوگئے۔دوسری جانب کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاون کے علاقے سیکٹر 22 میں فائرنگ سے پولیس کا برطرف سپاہی زخمی ہوگیا ۔
واقعے کے بعد زخمی شخص حمزہ سیال نے خود کو سی ٹی ڈی کا اہلکار ظاہر کیا اور متضاد بیانات دئیے جس کی اطلاع پر سی ٹی ڈی کے افسران معلومات حاصل کرنے کے لیے جناح اسپتال پہنچ گئے۔جہاں تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ حمزہ سیال گذری تھانے میں تعینات تھا جسے کسی شہری پر فائرنگ کرنے کے الزام میں سال 2016 میں نوکری سے برطرف کر دیا گیا تھا اور وہ 2024 میں ہی جیل سے آیا ہے ۔زخمی نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ اس کی 10 محرم کو شاہ لطیف ٹا ئون سے موٹر سائیکل چوری ہوگئی تھی جس کی رپورٹ تھانے میں درج کرائی تھی اور اپنی موٹر سائیکل کی معلومات کے لیے تھانے گیا تھا۔حمزہ سیال کے مطابق واپسی پر ڈاکووں نے لوٹ مار کے دوران مجھ سے پرس اور موبائل فون چھین لیا جب کہ دوسری خریدی گئی نئی موٹر سائیکل چھننے سے بچ گئی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی