کراچی ایئر پورٹ سگنل کے قریب خودکش حملے میں ہلاک ہونے والے دو چینی انجینئرز کی میتیں چین روانہ کردی گئیں۔تفصیل کے مطابق کراچی میں جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قریب بم دھماکے میں ہلاک ہونے والے دو چینی انجینئرز کی میتیں بیجنگ روانہ کردی گئیں۔اولڈ ٹرمینل سے دونوں میتیں چین روانہ کی گئیں، گورنرسندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلی مراد علی شاہ بھی اس موقع پر ائیرپورٹ پہنچے جبکہ پولیس، رینجرز اور دیگر اداروں کے اعلی افسران بھی موجود تھے۔ دونوں چائنیزکی ہلاکت پرایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، گورنر اور وزیراعلی سندھ نے دونوں چائنیز کے اہل خانہ اور چینی حکومت سے اظہارافسوس بھی کیا۔یاد رہے اتوار کو کراچی میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب سگنل پر خوفناک دھماکے میں تین غیر ملکی افراد جان سے گئے تھے جبکہ چار پولیس اور دو رینجرز اہلکاروں سمیت سترہ افراد زخمی ہوگئے تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی