i پاکستان

کراچی میں ملزمان پولیس اہل کار کو اغوا کرکے فرار، پولیس موبائل پر فائرنگ، کوئی جانی نقصان نہیں ہواتازترین

September 15, 2025

کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان عرفات میں ملزمان ایک پولیس اہلکار کو اغوا کرکے فائرنگ کرتے ہوئیکار میں فرار ہوگئے۔پولیس حکام کے مطابق ایک مشکوک گاڑی کو دیکھ کر گشت پر مامور پولیس کار کے پاس تلاشی کے لیے گئی تو اس دوران مشکوک گاڑی کے قریب پہلے سے موجود شخص نے اہلکار اسحاق جتوئی کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنالیا۔یرغمال بنانے کے بعد ملزمان اسحاق جتوئی کو اپنے ساتھ لے گئے، ملزمان نے تشدد بھی کیا۔ واقعہ کے فورا بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا اور سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کی تاکہ حملہ آوروں کی شناخت کی جا سکے۔تاہم ملزمان نے ہیڈ کانسٹیبل اسحاق جتوئی کو نیو سبزی منڈی کے قریب چھوڑ دیا اور خود فرار ہو گئے۔ایس ایس پی ساتھ مہزور علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ کے حوالے سے مقدمہ درج کیا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزری میں پولیس موبائل پر فائرنگ کا واقعہ شفٹ کی تبدیلی کے دوران پیش آیا۔ متاثرہ موبائل میں ایک اہلکار موجود تھا جو دوسرے اہلکار کو لینے جا رہا تھا کہ اس دوران ملزم نے پولیس موبائل پر فائرنگ کی اور فرار ہو گیا۔ گشت پر مامور 2 ساتھی اہل کاروں کو معطل کردیا گیا۔دوسری جانب ڈیفنس خیابان بخاری میں گزشتہ روز پولیس موبائل پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جہاں سے 11 گولیوں کے خول برآمد ہوئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس حکام کے مطابق پیدل چلنے والے شخص نے گشت پر مامور پولیس موبائل پر فائرنگ کی۔وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیدیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی