شہر قائد کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا۔کراچی میں ایئر پورٹ، ایم اے جناح روڈ، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ سمیت مختلف علاقوں میں بوند باندی ہوئی ہے، اس کے علاوہ لانڈھی، قائد آباد اور اطراف میں بھی بادل برسے ہیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب پر ڈپریشن کے زیر اثر کراچی میں بوندا باندی اور ہلکی بارش ہوئی ہے۔بحیرہ عرب سے بادل شہر کی جانب آئے ہیں، کراچی میں وقفے وقفے سے مطلع ابر آلود اور بوندا باندی کا امکان ہے جبکہ کراچی میں (آج) منگل کو بھی مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری تک جا سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں شمال مشرق کی سمت سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جن میں نمی کا تناسب 68 فیصد ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی