برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں ٹیکسی اور کار کے درمیان ہونے والے شدید ٹریفک حادثے کے نتیجے میں تین پاکستانی نوجوانوں سمیت چار افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ پانچ افراد زخمی ہو گئے۔برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق برطانوی شہر مانچسٹر میں پیش آنے والے ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں ٹیکسی اور کار کے درمیان تصادم کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہو گئے، حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں تین پاکستانی نوجوان شامل ہیں جن کی شناخت دانیال علی، محمد مختار اور فرحان پٹیل کے نام سے ہوئی ہے۔
حادثے میں ٹیکسی ڈرائیور بھی جانبر نہ ہو سکا، جس کی شناخت 50 سالہ مسروب علی کے نام سے ہوئی ہے، واقعہ کے فورا بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمی افراد کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور مختلف پہلوں سے واقعے کا جائزہ لیا جا رہا ہے، پولیس کے مطابق تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حادثہ تیز رفتاری، لاپرواہی یا کسی اور وجہ سے پیش آیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی